آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر کا دبنگ خطاب

Spread the love

ان سائیڈ سٹوری:  آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھارت کے ہندو توا نظریات کیخلاف  انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے ، یہ خواب جو ہندوتوا کے کٹّر نظریات کے تابع ہیں اقوام عالم کی توجہ کے متقاضی ہیں ،کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پراپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا. انھوں نےافغانستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے ۔  

ملک کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا سامنا ہے، اندرونی و بیرونی دشمن سے بخوبی آگاہ ہیں ، کشمیری بھائی انشاء اللّٰہ ضرور ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے،کشمیری بھائیوں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہایوں سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ، سعودی عرب، امارات، ترکیہ ، قطر اور ایران کیساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس دوران پاک فوج کے دستوں نے مادر وطن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں ، قومی پرچم لہرائے گئے اور آتش بازی کےشاندار مظاہرے کئے گئے ۔

کاکول اکیڈمی میں تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھاکہ قوم کو 76 واں جشن آزادی مبارک ہو، پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بنا اور آج کا دن مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی،کوئی جغرافیائی اور سیاسی ضرورت کشمیریوں کے حق آزادی اور خود ارادیت کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہو سکتی، انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا، یہ ملک ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ رہا ہے ، کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہونگے ، دو ایٹمی قوتوں پر مشتمل یہ خِطّہ ایسے جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہو سکتا ،افغان بھائیوں کو ادراک ہونا چائیے کہ ہم ایک مہمان نواز قوم ہیں،ہماری خواہش ہے کہ ہماری مخلصانہ کوششوں کا اسی پیرائے میں جواب دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے ، پاکستان اقوام عالم میں اپنے اصل مقام کےحصول کےلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے پر بنا پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے،ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھاکہ پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں سے مالامال سرزمین ہے، قوم اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی اور ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہو گی۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے، ہمیں شدت پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ۔انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے قول کہ ’’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی‘‘کے امین ہیں، میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خودمختاری اور سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،

پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پُر عزم ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھاکہ قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی، ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے۔ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور ہمیں اس عظیم قوم اور ملک پر فخر ہے،یاد رکھیں! پاکستان ہماری پہچان اور ہماری بقا کا ضامن ہے ، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*