نواز شریف کا سابق ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور جیسا ردعمل ‘ ریجیکٹڈ

Spread the love

: انسائیڈ اسٹوری :

کراچی ہوٹل میں کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے انکوائری کا حکم دیا گیا۔ جس کی رپورٹ آئی  ایس پی آر نے جاری کردی۔ رپورٹ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مسترد کردیا اور ویسا ہی لفظ لکھا جیسا سابق ڈی جی آئی ایس پی آصف غفور نے ڈان لیکس آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے ردعمل میں ٹوئٹ میں لکھا تھا۔ 

 تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے واقعے پر آئی جی سندھ کے تحفظات کے معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی کے متعلقہ افسران کو ذمہ داریوں سے ہٹادیا۔ 

آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات کے مطابق سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی کراچی کے افسران مزار قائد کی بے حرمتی کے نتیجے میں شدید عوامی رد عمل سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے، افسران پر مزار قائد کی بے حرمتی پر قانون کےمطابق بروقت کارروائی کے لیے شدید دباؤ تھا۔
‏قانون کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنانے کیلئے عوامی دباؤ بڑھ رہا تھا،
متعلقہ افسران نے شدید عوامی ردِ عمل اور تیزی سے بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے مدِ نظر سندھ پولیس کے طرزِ عمل کو اپنی دانست میں ناکافی اور سُست روی کا شکار پایا اور کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اپنی حیثیت میں جذباتی رد عمل کا مظاہرہ کیا۔
متعلقہ افسران کو ایسی صورتحال سے گریز کرنا چاہیے تھا جس سے ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ افسران کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر ان افسران کے خلاف کارروائی جی ایچ کیو میں عمل میں لائی جائے گی۔ 
دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور کیپٹن ر صفدر کے سسر نواز شریف نے کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ میں ردعمل دیتے ہوئے اسکو مسترد کردیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا ‘ رپورٹ ریجیکٹڈ ‘ 
یاد رہے کہ اپریل 2017 کو اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے  ڈان لیکس انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مسترد کر دیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اس وقت کے  سربراہ میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے ڈان لیکس کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا: ‘ڈان لیکس کے حوالے سے جاری کیا گیا اعلان انکوائری بورڈ کی سفارشات کے مطابق نہیں ہے۔ یہ نوٹیفیکیشن مسترد کیا جاتا ہے۔’ یعنی ‘ نوٹیفکیشن ریجیکٹڈ’ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*