یہ ہفتہ کیسا رہے گا

Spread the love

 

: تحریر ” لالہ صحرائی ” : 

ہمیشہ کی طرح یہ ہفتہ بھی اچھا رہے گا اسلئے ہفتے کی فکر چھوڑ کے اپنے حالات کی فکر کریں، آپ کے حالات بہتر ہونے کا کوئی چانس نہیں، بیشتر ستارے اور سیاستدان اس بات پر متفق نہیں کہ آپ کے حالات بدلے جائیں، غیر شادی شدہ حضرات سیاستدان کی جگہ “گھر والے” پڑھیں۔
منگل اور بدھ کو عجیب سی کشمکش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، ایسی صورتحال ہر عجیب آدمی کیساتھ ہر ہفتے دو ہفتے بعد پیش آتی رہتی ہے۔
اس ہفتے آپ کو نہ چاہتے ہوئے بھی کچھ اہم فیصلے کرنے ہوں گے جن میں نہانا سرِفہرست رکھ لیں، باقی کام بھی آپ حسب معمول باتیں سنے بغیر نہیں کر پائیں گے یا کرکے سن لیں گے اسلئے فہرست میں ثانوی طور پر “کلاس ہونی ہے” لکھ لیں اور اس کے نیچے کئی بار “ڈیٹو ڈیٹو” لگا دیں۔
اگر آپ کسی کو پانا چاہتے ہیں تو اس پر مٹی پا دیں، اس کام کیلئے یہ ہفتہ بہت اچھا ہے، غیرشادی شدہ افراد پسند کی شادی کیلئے اپنے بزرگوں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے بزرگوں میں انسانیت کی کوئی رمق باقی بچ گئی ہو تو ممکن ہے مان جائیں۔
خاندانی وراثت کا معاملہ اس ہفتے بھی طے نہیں ہو پائے گا کیونکہ دادا جان کا ستارہ اس ہفتے بھی روشن دکھائی دے رہا ہے بلکہ اتنا روشن ہے کہ امید ہے آنے والی سردیاں بھی نکال ہی جائیں گے۔
کچھ پرانے کام اور خاندانی جگھڑے سنوارنے کا موقع مل سکتا ہے مگر ہونا وہی ہے جو پہلے ہوتا رہا ہے اسلئے خود پر کوئی الزام لینے کی بجائے ایسا ہر کام گھر کے کسی دوسرے فرد کے ذمہ لگا کے اپنی جان بچا لینا بہتر رہے گا۔
کسی پرانے دوست سے اچانک ملاقات ہو سکتی ہے جس کیلئے ذہنی طور پر تیار رہیں اور کم از کم دو سو روپے کی نقدی ہمیشہ جیب میں رکھ کے چلیں تاکہ عین وقت پر چائے پانی پوچھنے میں ہچکچاہٹ نہ ہو یا بلاسوچے سمجھے چائے پلانے بیٹھ گئے تو بل دیتے وقت شرمندگی نہ ہو۔
اجنبی افراد سے اس ہفتے بھی کوئی مالی فائدہ پہنچنے کی توقع نہیں بلکہ اس ہفتے کوئی دوست ادھار مانگ سکتا ہے، اس کیلئے ابھی سے انکار کرنے کا بہانہ سوچ لیں، کوئی پرائز بانڈ لے کے رکھا ہوا ہے تو اسے بھی بیچ دیں اور اپنے کام پر توجہ دیں، کام نہیں ہے تو کام کی تلاش کریں۔
آپ نے نوکری کیلئے درخواست دے رکھی ہے تو اس ہفتے انٹرویو کی کال آسکتی ہیں لیکن اس کیلئے تیاری کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس ایک ویکنسی کیلئے انٹرویو کی یہ کال اسی نوے ہزار دیگر افراد کو بھی جائے گی، پھر بھی جانا ہو تو ہرسوال کا غلط جواب نہایت خوداعتمادی سے دیجئے گا، اگر سوال سمجھ میں نہ آئے تو پھر خوداعتمادی کی بجائے اپنی اصلیت پر اتر کے تابڑ توڑ یا منہ توڑ جواب دینے کی کوشش کریں، اتنے رش میں نوکری ملنے کے امکانات ویسے بھی انتہائی معدوم ہوتے ہیں لہذا گھر بلوا کے خجل خوار کرنے والوں کو بھی تھوڑا بہت خجل کرکے ہی آنا چاہئے۔
خواتین فضول خرچی سے گریز نہ کریں ورنہ ہفتہ گزرنے کے بعد افسوس ہوگا اور شوہر پر بنا ہوا پریشر بھی قدرے کم ہوجائے گا اسلئے خرچہ دبا کے کریں۔
اس ہفتے نئے برتن لانے پڑ سکتے ہیں اسلئے شوہر سے فالتو بات نہ کریں ورنہ آپ کا پارہ چڑھ جائے گا اور حسب معمول برتنوں کی چاند ماری سے ڈنر سیٹ کے کئی اجزاء داغ مفارقت دے سکتے ہیں، شوہر کو البتہ حسب معمول خراش تک نہیں آنی کیونکہ آپ کا نشانہ ابھی تک پکا نہیں ہوا۔
شادی شدہ خواتین کو اپنی جلد کی حفاظت کیلئے کچھ خاص تدابیر اختیار کرنا ہوں گی جن میں گن پاؤڈر کا استعمال کافی مناسب رہے گا، جلد کو لاحق خطرات زیادہ ہوں تو خاردار تار بھی لگائی جا سکتی ہے، جلد زیادہ خراب ہوگئی ہو تو کسی بھی کتابوں کی دکان پر بیٹھے جلد ساز سے نئی جلد بندی کرا لیں، برجِ ٹگا، تیرکمان اور برجِ بِچھو سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ان اقدامات کی ضرورت نہیں بلکہ ان کے جاننے والوں کو اپنی حفاظت پر توجہ دینی چاہئے۔
اس ہفتے زچہ و بچہ بالکل خیریت سے رہیں گے تاہم زچ شوہروں کے حالات میں کوئی کمی آنے کا امکان نہیں، حاملہ خواتین اپنے شوہروں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ غیرحاملہ خواتین پر نظر نہ رکھ سکیں۔
اس ہفتے کسی کی مداخلت سے سسرال کیساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی کیونکہ ہر نئی مشکل میں پرانے رنجشیں بھلانی پڑتی ہیں۔
یہ ہفتہ سماجی تعلقات بہتر بنانے میں بہت معاون ثابت ہوگا البتہ سوشل میڈیا پر پوشیدہ تعلقات کا راز افشاء ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔
جذباتی نوجوان جن کے تعلقات تازہ تازہ بحال ہوئے ہیں وہ چند ہفتے تک محتاط گفتگو کریں، کسی سے پنگا لینا ہو تو پورا لیں ورنہ آدھے سر کا درد ہو سکتا ہے، آدھی سر دردی اچھی نہیں ہوتی۔
اس ہفتے بھی ماتحتوں کیساتھ حسن اخلاق اور رواداری سے پیش آنا پڑے گا ورنہ آجکل حکومت سے تنگ ہر بندہ کسی نہ کسی کے گلے پڑنے کی کوشش کرتا ہے اسلئے ماتحتوں سے محتاط رہنے کی سخت ضرورت ہے۔
میڈیکل سے وابستہ افراد کو خوش بختی کا ایک نادر موقع اور ملے گا، موسم بدلنے سے ان کی آمدنی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی لہذا گھر کا سودا سلف لانے میں وقت برباد کرنے کی بجائے دیر تک کلینک پر بیٹھنے کا منصوبہ ترتیب دے لیں اور سودا سلف لانا گھر والوں پر چھوڑ دیں۔
اس ہفتے کچھ اضافی اخراجات سے بھی واسطہ پڑ سکتا ہے کیونکہ اس کہانی سے کئی اقسام کے وہم ہوجانے کا پورا پورا امکان موجود ہے جو ماہر نفسیات کی انکم اور آپ کے خرچے کا باعث بن سکتا ہے اسلئے اپنے اپنے برج کو اچھا سمجھ کے چلتے رہئیے اور ساری ناموافق باتیں اپنی بجائے دوسرے برج والوں کے نصیب سے متعلق قیاس کرتے جائیں تو امید ہے آپ کا یہ ہفتہ اچھا گزرے گا لیکن یہ مت بھولئے گا کہ دوسروں کی نظر میں آپ بھی دوسرے برج والے ہیں اس لحاظ سے تشویش کی باتیں جوں کی توں رہنے کی امید ہے جس کا علاج ہم اگلے ہفتے بتائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*