وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 38 واں اجلاس،28نکاتی ایجنڈے کی منظوری

Spread the love

لاہور8دسمبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس منعقد ہوا۔کابینہ کے اجلاس میں 28نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 5سیمنٹ پلانٹس لگانے کی منظوری دی گئی۔سیمنٹ پلانٹس لگنے سے صوبے میں تقریباً 200ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوگی اورروزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورسیمنٹ کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔سیمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے90روزکے اندر5محکموں کی جانب سے این اوسی کا اجراء یقینی بنایا گیاجبکہ صوبے میں مزید11سیمنٹ پلانٹس لگانے کی درخواستوں پر ضروری کارروائی کا آغاز کردیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیمنٹ پلانٹس سے متعلقہ امور مقررہ مدت میں نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں بارش،سیلاب اورژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کے نقصان کے ازالے کے لئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دی گئی۔مالی امداد پیکیج کے دوسرے اورتیسرے مرحلے میں کروڑوں روپے سے زائد کی رقم متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔پنجاب کابینہ نے موٹر گاڑیوں کی تاخیر سے رجسٹریشن پر اضافی فیس معاف کرنے کی منظوری دی۔لاک ڈاؤن کے دوران یکم اپریل2020سے اکتوبر2020تک گاڑیوں کی رجسٹریشن نہ کرانے والوں کو اضافی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اوراضافی فیس کی معافی کیلئے درخواستیں 15جنوری2021تک دی جاسکیں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی کوپراونشل موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 کے سیکشن 30 کے تحت موٹر گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن سے متعلق امور کاازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دوردرازکے علاقوں (ہارڈ ایریاز)کے سکولوں میں مقامی ٹیچرز کی بھرتی ہوگی اوربھرتیوں سے دوردراز علاقوں کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دورکیا جاسکے گا۔اجلاس میں کابینہ نے آن لائن کالج ایڈمیشن سسٹم کی منظوری دی اورمحکمہ ہائر ایجوکیشن کو بینک آف پنجاب کے ساتھ فری آن لائن کالج ایڈمیشن کے لئے معاہدہ کرنے کی اجازت دی۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کی گئی،ان فیصلوں کے تحت نجکاری بورڈ کی 697زمینیں ڈویژنل کمشنرز کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے اورکمشنرز یہ اراضی شفاف طریقے سے نیلام کریں گے۔اجلاس میں جھنگ کے  علاقے تریموں میں 1263میگاواٹ کے آر ایل این جی پاور پلانٹ کیلئے حکومت پنجاب کے10ارب روپے کے عارضی قرضے کو سپانسرسپورٹ میں تبدیل کرنے کی منظوری دی جبکہ محکمہ توانائی کوبینکوں کے کنسورشیم کے درمیان معاہدے کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں 4 وائلڈ لائف پارکس کو زوالوجیکل گارڈنز قرار دینے کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے وہاڑی،بہاولنگر،لوئی بھیرراولپنڈی اوربانسرہ گلی مری کے 4 وائلڈ لائف پارکس کو زوالوجیکل گارڈنز قرار دینے کی منظوری دی۔شاہدرہ میں چلڈرن اینڈ فیملی پارک کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے پارک کے لئے 70کنال اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں وویمن ہاسٹل اتھارٹی بل 2020 کی منظوری دی گئی۔ اتھارٹی پرائیویٹ ہاسٹلوں کو لائسنس جاری اورمانیٹرنگ کرے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی فیسوں میں ردوبدل سے متعلق ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کی سفارشات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گااوراس ضمن میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور حتمی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف(پروٹیکشن،پریزوریشن،کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) رولز 1974 میں ترامیم اورپنجاب اڑیال کنزرویشن، پروٹیکشن اینڈ ٹرافی ہنٹنگ(کمیٹیز) رولز 2016 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے درآمدشدہ چینی کی ادائیگیوں کے میکانزم کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مستقبل میں اشیائے ضروریہ کے سٹاک کو بروقت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی اشیائے ضروریہ کی ملک میں دستیابی یا بیرون ملک سے درآمد کرنے کے حوالے سے پیشگی اقدامات تجویز کرے گی۔اجلاس میں پٹرولیم پالیسی 2012 کے تحت خام تیل اور قدرتی گیس پرونڈ فل ٹیکس(Windfall Tax  )کے حوالے سے وفاقی حکومت کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے اپرنٹس شپ آرڈیننس 1962 کی جگہ نئے اپرنٹس شپ ایکٹ کے نفاذ کافیصلہ کیااور ڈیرہ غازی خان میں ایجوکیٹرز کی 1142 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی۔اجلاس میں محکمہ اوقاف کے اکاؤنٹس کی فرانزک آڈٹ رپورٹ برائے سال 2018 تا 2015 کو ڈیپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کے سپردکرنے کی منظوری دی گئی۔آڈٹ کمیٹی رپورٹ کا جائزہ لے کر کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس وڈیلپمنٹ کو پیش کرے گی۔رویت ہلال بل 2019 پر قانون سازی کے حوالے سے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں یونیورسٹی آف فیصل آباد کیلئے پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز کی ریکٹرکے عہدے پر تقرری کی منظوری دی اوریونیورسٹی آف سیالکوٹ کیلئے پروفیسر ڈاکٹر سید الحسن چشتی کی وائس چانسلرکے عہدے پر تعیناتی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (اپواٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس)رولز 2014 میں ترامیم کی منظوری دی۔پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف وویمن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2017 کی منظوری دی۔صوبائی سول سروسز کے افسران کیلئے این ایس پی پی کے تحت30ویں مڈکیئریر مینجمنٹ کورس کیلئے 4 ہفتے کی لازمی ٹریننگ کی منظوری دی۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 37 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 44 ویں اور45ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 36ویں، 37ویں، 38ویں اور 39 ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*