وزیر اعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کا باقاعدہ آغاز

Spread the love

لاہور16 نومبر:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں آج سے ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کا عقیدت و احترام و مذہبی جوش و خروش سے باقاعدہ آغاز ہوا- وزیر اعلی آفس میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐ کے سلسلے میں خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا-وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واک کی قیادت کی-صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، اراکین اسمبلی,چیف سیکرٹری اور اعلی حکام نے واک میں شرکت کی-وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے موقع پر منعقدہ واک میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے – گزشتہ چند سالوں سے دانستہ یا نا دانستہ طور پر مختلف ممالک میں آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری کی جا رہی ہے – پاکستان نے ان گستاخانہ عناصر کی ہر سطح پر بھر پور مذمت کی اورہم نے ان عناصر کو موثر جواب دینے کے لئے ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے – ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوران حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے شاندار تقریبات منعقد ہوں گی۔لاہور میں نعتیہ مشاعرے اور محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا -پنجاب میں 50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کا اجراء کیا جا رہا ہے -25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف دئیے جائیں گے اورصوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنے والے غریب اور نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ بھی دیئے جائیں گے اوران طلبہ و طالبات کی فیس اور رہائش کیلئے مالی معاونت کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ ہر سال ماہ ربیع الاول میں 50 کروڑ کے ابتدائی فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا-ہر سال ربیع الاول میں نعتیہ مشاعرے ہوں گے جن میں ملک بھر سے نامور اور جید شعراء کو مدعو کیا جائے گا-اندرون اور بیرون ممالک سے نامور سکالرز اور محققین کو مدعو کیا جائے گا جو سیرت مبارکؐ پر مقالہ جات پیش کریں گے-صوبہ، ڈویژن، ضلع، یونیورسٹیز اور بورڈز کی سطح پر سیرت النبیؐ پر تقریری مقابلے کرائے جارہے ہیں -جیتنے والے طلبا و طالبات کو اسناد اور نقد انعامات دئیے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ؐ کو اجاگر کرنے کیلئے اسلا می خطاطی کے مقابلے بھی منعقد ہورہے ہیں -بہترین خطاط کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا-محسن انسانیت حضرت محمدؐکی حیات مبارکہ پر مختصر ڈاکومنٹری بنانے کامقابلہ شروع ہوچکا ہے-بہترین قرار پانے والی ڈاکومنٹری کو تمام ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا اورونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا- ہفتہ رحمت اللعالمین ؐکے دوران صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر نعت خوانی اور قوالی کی محافل کا اہتمام کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐکی شان کو بیان کرنا کسی کے بس میں نہیں،یہ ایک عاجزانہ کاوش ہے-اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*