صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے او ایل ایکس موٹرز اور کریم میں معاہدہ

Spread the love

لاہور(انسائیڈ سٹوری)پاکستان کی سب سے بڑی آن لائن مارکیٹ پلیس او ایل ایکس کے آٹو موٹو ورٹیکل ، او ایل ایکس موٹرز اور ملک کی نامور کیب سروس کریم کے مابین اشتراکی معاہدہ طے پا گیا ہے۔اس حوالے سے ایک تقریب او ایل ایکس کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس میں دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوئے۔  اس معاہدے کے مطابق کریم کے کاروان کا حصہ بننے والی گاڑیوں کی حالت کے حوالے سے او ایل ایکس موٹرز کے ماہرین اپنی خدمات فراہم کرتے ہوئے ان گاڑیوں  کا مکمل معائنہ کرکے حتمی رپورٹ بنائیں گے، جس کے تحت کریم ان گاڑیوں کو اپنے کاروان میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ملک کے نامور  اداروں کے مابین اس اشتراک کا مقصد صارفین کو بہترین  سہولیات اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے او ایل ایکس موٹرز کے جنرل مینجر سید ذیشان علی نے کہا کہ کریم کے ساتھ اس اشتراک سے ہمیں ان تمام صارفین کی بہتر خدمت کا موقع ملے گا جو معیار اور تحفظ کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ او ایل ایکس کی ہولڈنگ کمپنی ای ایم پی جی دنیا بھر میں 16 سے زائد ممالک میں  رئیل اسٹیٹ ، کلاسیفائیڈ  اور ای  کامرس  جیسے شعبوں میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے ۔ ہم تھائی لینڈ میں  کائیڈی آٹو ،متحدہ عرب امارات  میں ڈوبیزل موٹرز  اور پاکستان میں او ایل ایکس موٹرز جیسے اداروں کے ذریعے  دنیا بھر میں گاڑیوں کے صارفین کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔

او ایل ایکس موٹرز کے ہیڈ آف انسپکشن ریحان الہیٰ نے کریم کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو خوش آئند  قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ہماری  جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات  اور معیار کی یقین دہانی  کی بہترین تکنیک کے ساتھ  سخت انسپیکشن ، صارفین کے تجربے کو بہتر سے بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس اشتراک سے نہ صرف دونوں اداروں کا تعلق مضبوط ہوگا بلکہ پاکستان کے شہریوں  کو کریم کی سروسز میں نمایاں مثبت اثرات بھی نظر آئیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*