بطور وزیر اعظم پاکستان ‘ عمران خان ‘ کا ریکارڈ

Spread the love

: تحریر ‘ میاں محسن بلال ‘ : 

سیاست میں آنے سے پہلے بطور کرکٹر کپتان کا انداز منفرد تھا۔ میچ کے دوران غیر معمولی فیصلوں کی توقع کی جاتی تھی۔ اکثر سرپرائز بھی دیدیا کرتے ۔ کرکٹ کی دنیا میں پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ ایک بار ہی جیت پایا اور کریڈٹ بھی انھی کو جاتا ہے۔ کیونکہ 1992 ورلڈ کپ میں کپتان عمران خان تھے۔ 

سیاست میں آئے تو یہاں بھی اپنے جھنڈے گاڑھے۔ جلسوں میں نیا ٹرینڈ دیا۔ جس شہر میں بھی جلسےکئے ریکارڈ ہی قائم کیا۔ تحریک انصاف کو ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مقابلے میں سوشل میڈیا پر سب سے پاپولر پارٹی ثابت کیا۔

دونوں جماعتوں نے جلسے شروع کئے تو دیکھا دیکھی کپتان کے جلسوں جیسا رنگ بھرنے کی کوشش کی۔ لیکن ان جتنے بڑے جلسے نہ کر پائے۔ بلکہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ جو 11 جماعتوں پر مشتمل تھی شروع میں۔ وہ بھی ملکر کپتان جتنے بڑے جلسے کرنے میں ناکام ہوئی۔

تحریک انصاف کی حکومت کو برسراقتدار آئے 3 سال ہوچکے۔ بطور پارٹی چئیرمین  وسیم اکرم پلس عثمان بزدار کو وزیر اعلی پنجاب بنا کر سرپرائز دیا ۔ اب تک سرپرائز کا سلسلہ جاری ہے، جب بھی اہم عہدوں پر تعیناتی کی بات ہوتی ہے یا پھر اچانک ہٹایا جاتا ہے تو سرپرائز ہی ہوتا ہے۔

عمران خان  کچھ بھی کہہ سکتے ہیں اور شاید ہی ملکی تاریخ میں کوئی ایسا وزیر اعظم گزرا ہے جس کے بیانات اتنے زیادہ پاپولر ہوئے ہوں۔ اب آپ دیکھیں کہ  ‘ جو یوٹرن نہ لے ،وہ لیڈر ہی نہیں ‘۔ یہ بات عمران خان کے سوا اور کون کہہ سکتا ہے بھلا۔

بات پاکستان کے ماضی کے وزراء اعظم اور موجودہ وزیر اعظم کی ہو رہی ہے تو ایک اور تقابلی جائزہ کر لیتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کو تین سال مکمل ہوئے اور سرکاری و پارٹی کی سطح پر تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ رواں ہفتے وزیر اعظم نے کمال کردیا اور اک ریکارڈ قائم کیا جو ماضی میں کوئی وزیر اعظم قائم نہ کرسکا کہ 3 روز میں چار خطابات کئے۔ بدھ کے روز لاہور میں دو جگہ خطاب کیا۔ پھر جمعرات کو خطاب کیا اور جمعے کو روز بھی خطاب کرنا نہیں بھولے۔ ہفتہ ،اتوار ابھی باقی ہے۔

تقریر کا شاید ہی اتنا شوق اور کسی وزیر اعظم کو رہا ہو، جتنا کپتان کو ہے۔ پانچ سال حکومت کے پورے کرنے تک کپتان کے بطور وزیر اعظم خطابات،تقاریر کی لسٹ جاری کی جائے اور امید ہے کہ تحریک انصاف انفارمیشن سیل کے پاس ڈیٹا تب تک مرتب ہوچکا ہوگا تو خطابات کی سنچریاں ہونگی۔ پریس کانفرنسز کا ریکارڈ اس سے الگ ہوگا۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*