لاہور پاکستان کا دل ہے،صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا:عثمان بزدار

Spread the love

 لاہور11جنوری:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور میں صفائی کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا-اجلاس میں کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے نئے کنٹریکٹرز کے انتخاب کے حوالے سے امور پر بھی غور کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے-میں نے خود بھی لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیاہے تاہم صفائی کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش نہیں -ایل ڈبلیو ایم سی اور انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کریں اور صفائی کے پلان کی ڈیلی مانیٹرنگ کی جائے-انہوں نے کہاکہ متعلقہ حکام لاہور شہر کو صاف کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں -لاہور شہر میں 5ہزار ٹن کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایاجائے اورشہر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ لاہور پاکستان کا دل ہے  لہٰذاشہر کی صفائی کے لئے دن رات ایک کیا جائے-شہریوں کو صفائی کے حوالے سے شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دینا ہماری ذمہ داری ہے-لاہور میں صفائی کے نئے نظام کے حوالے سے کمپنی کا بورڈ حتمی فیصلہ کرے-تمام امور قواعد وضوابط کے تحت جلد ازجلد نمٹائے جائیں -پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی،اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں -پنجاب حکومت بورڈ کے فیصلوں کو مکمل سپورٹ کرے گی- وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ لینڈ فل سائٹ سے متعلقہ ایشوز کو فوری حل کیاجائے-لینڈ فل سائٹ کے ا یشوز حل کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجائے- وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 25ہزار ٹن کوڑا کرکٹ میں سے 20ہزار ٹن کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگا یا گیاہے جبکہ 5ہزار ٹن کوڑا کرکٹ کو جلد کلیئر کر دیں گے-انتظامیہ کے تعاون سے پورے شہر میں زیروویسٹ آپریشن جاری ہے-نئے کنٹریکٹرز کے انتخاب تک عبوری صفائی پلان تیار کیاہے-چیئرمین وایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صفائی کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی -سینئر وزیر عبدالعلیم خان،چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی امجد نون، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ،سیکرٹری اطلاعات،ڈپٹی کمشنر لاہور،ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*