نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹریز ملتان اور رحیم یار خان میں بنائی جائیں گی، عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کی مزید سہولت ملے گی

Spread the love

لاہور30 نومبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں 2 نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹری بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹریز ملتان اور رحیم یار خان میں بنائی جائیں گی۔نئی لیبز بننے سے عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کی مزید سہولت ملے گی۔وزیراعلیٰ نے سرکاری لیبز سے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ کم از کم مدت میں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ کا وقت مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اوسطاً 16000 ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں تاہم روزانہ 25 ہزار تک کورونا ٹیسٹ کئے جا سکتے ہیں۔صوبے میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں کورونا لیبز کے سٹاف کو اعزازیہ دینے کی اصولی منظ وری دی گئی۔ ہسپتالوں کو آکسیجن سلنڈرز کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹرکوں کو صبح کے وقت بھی شہر میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ریونیو خدمت کھلی کچہریو ں کے انعقاد کیلئے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ پنجاب میں کورونا کی شرح تقریباً 5 فیصد ہے۔پنجاب میں 2016 متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے 131000 لوگوں کی آمد و رفت کو محدود کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھرتی کئے گئے کنسلٹنٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابوپانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ شہریوں کی جانب سے ماسک کی پابندی نہ کرنے سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہورہاہے۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سب سے زیادہ مقدم ہے، عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ضروری فیصلے کئے جائیں گے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے کورونا کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، یاسر ہمایوں، مراد راس، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ماہر ین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ اعلیٰ عسکری حکام، کمشنر راولپنڈی اور کمشنر ملتان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔                        ٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*