حکومت پنجاب اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات کو پی ایچ ڈی لیول تک تعلیم کیلئے 100 فیصد سکالر شپ فراہم کر رہی ہے:عثمان بزدار

Spread the love

لاہور17 نومبر:وزیراعلیٰ آفس میں آج اقلیتی طلباء و طالبات میں سکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی،وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اقلیتی طلبا و طالبات میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی لیول تک تعلیم کیلئے 100 فیصد سکالر شپ فراہم کر رہی ہے۔اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے اور ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ دیا جا رہا ہے – اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے ایجوکیشنل سکالر شپ سکیم میں 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں – اڑھائی کروڑ پیف اور اڑھائی کروڑ متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے طلباء و طالبات کو وظیفے کے طورپر دیئے جارہے ہیں۔ 5کروڑ روپے کے فنڈ میں 50 فیصدوسطی پنجاب، 35 فیصد جنوبی پنجاب اور 15 فیصد شمالی پنجاب کے طلباء و طالبات کاسکالر شپ رکھا گیاہے -میٹرک سے اعلی تعلیم تک 50 فیصد نمبر حاصل کرنیوالے ا قلیتی طلباء و طالبات کو 15 ہزار سے 50 ہزار تک سکالر شپ دیا جا رہا ہے۔رواں مالی سال میں 714 طلباء و طالبات میرٹ پر سکالر شپ حاصل کر رہے ہیں جن میں 157 طلباء و طالبات کا تعلق لاہور سے ہے اوران میں 32 ایسے طلباء و طالبات ہیں جو پروفیشنل ایجوکیشن حاصل کر رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے علاقوں کی ڈویلپمنٹ کیلئے 50 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ہر اقلیتی برادری کے تہوار وں کیلئے 6 کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں -ان تمام اقدامات کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ اقلیتی طلبا و طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے۔ اقلیتی طلبا و طالبات نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی طلبا و طالبات کو ہر طرح کی سہولتیں دے گی۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور مہندر پال سنگھ، اراکین پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل، پیٹر گل،سیکرٹری اقلیتی امور و انسانی حقوق، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*