وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 3گھنٹے طویل اجلاس،گنے کی کم ازکم امدادی قیمت 200 روپے فی من مقرر

Spread the love

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گنے کی کم ازکم امدادی قیمت 200 روپے فی من مقرر کرنے کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی۔کابینہ نے ٹرانسپوٹیشن چارجز اور شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں چینی کے نرخوں میں مزید کمی کیلئے موثر اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا اورمزید درآمدی چینی خریدنے کے حوالے سے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی چینی کے سٹاک کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات دے گی۔پنجاب کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرشنگ سیزن کے دوران گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کاپورا معاوضہ ملے گااوربروقت ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔کابینہ نے محکمہ خوراک پنجاب کو پاسکو سے 63ہزارمیٹرک ٹن درآمدی گندم خریدنے کیلئے معاہدہ کرنے کی اجازت دی۔ کابینہ نے صوبے میں چینی اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں نابینا افرادکی ملازمتوں کے3فیصد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیااورنابینا ا فراد کو ملازمتوں کیلئے عمر میں مزید 5سال رعایت دینے کی منظوری دی گئی، اس فیصلے سے نابینا افراد کو اب ملازمتوں کیلئے عمر میں 15سال تک کی رعایت حاصل ہوگی۔ اجلاس میں پنجاب ٹورازم،کلچراینڈ ہیریٹیج اتھارٹی کے قیام کیلئے مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب اوروائس چیئرمین صوبائی وزیر سیاحت ہوں گے جبکہ اتھارٹی کے مجموعی طورپر 17ممبر ہوں گے۔اتھارٹی صوبے میں سیاحت اورثقافت کے فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔صوبے میں کاروباری اورمعاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کوئلے کی کانوں کی لیز پر پابندی اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیاگیااوراجلاس میں کانوں کی لیز میں تجدید پر بھی پابندی ختم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 2004 میں خراب طیارے (AP-BX/400-A,RK-80) کوڈسپوز آف
کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی خراب طیارے کو نیلام کرنے کے ساتھ دیگر آپشن کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس میں ضلع بہاولپور کی تحصیل خیرپورٹامیوالی میں ریسکیو1122سٹیشن کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ ریسکیو1122سٹیشن کے قیام کیلئے تحصیل کونسل جھنگ کی ملکیت6کنال اراضی کی منتقلی کیلئے این او سی کے اجراء کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے ریسکیو1122 سٹیشن کیلئے اراضی ٹرانسفر کرنے کی اجازت دے دی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف جھنگ کیلئے رجسٹرارکے تقرر کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ کمپنی کے اثاثوں کو محکمہ سیاحت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے کمپنی کے اثاثے محکمہ سیاحت کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گریٹر تھل کینال پراجیکٹ چوبارہ برانچ فیز 2 کیلئے اراضی کے حصول کے حوالے سے معاملے کو حل کیا جائے گا۔کابینہ نے گریٹر تھل کینال پراجیکٹ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ امور آگے بڑھانے کی منظوری دے دی۔گریٹر تھل کینال 448میل لمبی ہوگی،10ڈسٹری بیوٹریز بنیں گی،2لاکھ90ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔اجلاس میں ہیپاٹومالوجی،لیور ہیپاٹومالوجی اورمیڈیکل آئی سی یو کیلئے 2019میں تعینات سینئر رجسٹرارز کی تقرری کے حوالے سے رولز میں نرمی کا فیصلہ کیاگیاجبکہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ایکٹ کے سیکشن 3 (1)کے تحت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ایم ٹی آئی ایکٹ کا اطلاق خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت کنگ ایڈورڈمیڈیکل کالج کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسروں کیلئے ساؤتھ پنجاب ری ایلوکیشن الاؤنس دینے کی منظوری دی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں 17محکموں کیلئے  655پوسٹیں پیدا کی گئی ہیں،237افسر گریڈ17اوراس سے زائد کے ہوں گے۔154سٹاف آئی ٹی کا ہوگا۔264 دیگر عملہ ہوگا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل طورپر پیپر لیس ہوگا۔پنجاب کابینہ کااگلا اجلاس جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں ہوگا۔اجلاس میں آن لائن رجسٹریشن آف چیرٹی کمیشن میں رجسٹریشن کیلئے تاریخ میں مزید توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو لینڈ ریکوزیشن کیلئے بریج فنانسنگ یا لیٹر آف کمفرٹ کے اجراء کے امور کا جائزہ لے گی۔اجلاس میں پنجاب انفارمیشن کمیشن کی سالانہ رپورٹس پنجاب اسمبلی کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دی گئی اورپنجاب کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے ریگولر صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کیلئے ڈاکٹر ارفع اقبال کے تقرر کی منظوری دی گئی۔کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے قانونی اموررول 17 کے تحت تقرریاں مستقل بنیادوں پر کرنے کے امور کا جائزہ لے گی اوراپنی حتمی سفارشات کابینہ کو پیش کریگی۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزنے اجلاس میں شرکت کی۔
٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*