وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس کی ملاقات، سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ سہولتوں پر تبادلہ خیال

Spread the love

لاہور4 نومبر: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی جس میں صوبے میں سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ سہولتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے میں لیڈ لے رہاہے۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا صنعتی شعبے کے لئے خصوصی توانائی پیکیج سرمایہ کاری میں فروغ کا باعث بنے گا۔ سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔ سابق دور میں قومی سرمایہ اپنی جیبوں میں ڈالا گیا اور ملک کو کنگال کیا گیا۔ آج پنجاب سرمایہ کاروں کے لئے سب سے محفوظ صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے شاندار پیکیج دیا ہے۔ تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرادیا ہے۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فراہم کردہ ساز گار ماحول اور اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*